آ گئی پھر ان کو میری یاد کیا
کر لیا تازہ ستم ایجاد کیا
کم ستم تھی یورش بغداد کیا
اب نشانہ ہے مرے جلاد کیا
دوستوں میں آج کیسے آ گئے
ہل گئی تنہائی کی بنیاد کیا
صدیوں پہلے کے وہی میں اور تم
ورنہ شیریں کون ہے فرہاد کیا
میری تخلیقات کیا دیں گی مجھے
کام آتی ہے کبھی اولاد کیا
میں تو ہوں مہر و محبت کا امیں
مسئلہ یہ ہے کہ میرے بعد کیا
مأخذ : ٹک ٹک دیدم
شاعر:ظفر نسیمی